Aug ۲۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۵ Asia/Tehran
  • چابہار میں پاکستانی تاجروں کے لئے مواقع فراہم ہیں: ایران

ایران کے چابہار فری ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل زون میں پاکستانی تاجروں اورصعنت کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے لیے تمام سہولتیں موجود ہیں۔

یہ بات چابہار فری ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل زون کے سربراہ عبد الرحیم کردی نے پاکستانی کونسلر جنرل محمد رفیع کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ چابہار فری ٹریڈ زون پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتا ہے۔

عبد الرحیم کردی کا کہنا تھا کہ چابہار کی اسٹریٹیجک پوزیشن کے تناظر میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور خاص طور سے دوست اور ہمسایہ ملک پاکستان کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے تمام سہولتیں میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحد سے ملنے والے علاقے ریمدان کو حال ہی میں چابہار فری ٹریڈ زون کا حصہ بنا دیا گیا ہے اور چابہار فری ٹریڈ زون سے متعلق تمام قوانین کا اطلاق ریمدان پر بھی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریمدان کے علاقے میں مشترکہ اور مستقل سرمایہ کاری اور تجارت کے پورے امکانات فراہم کر دئے ہیں۔

پاکستانی کونسل جنرل محمد رفع نے اس موقع پر چابہار فری ٹریڈ زون کے سربراہ اور ایرانی تاجروں کو گوادر فری زون کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چابہار کے اعلی عہدیداروں کے دورۂ گوادر سے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کی گنجائشوں اور سہولتوں کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ پاکستانی سفیر کے دورہ چابہار اور سرحدی شہر ریمدان کے معائنے کے بعد چابہار فری ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل زون کے سربراہ ایک وفد کے ہمراہ پاکستان کی بندرگاہ گوادر کا دورہ کریں گے۔

ٹیگس