Jan ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • کرکٹ: ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر تاریخی فتح، سب سے کم مدت کے ٹیسٹ میچ کا ریکارڈ

کیپ ٹاؤن میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیت لیا، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کا سب سے کم مدت کا ٹیسٹ میچ رہا، سیریز 1-1 سے برابر۔

سحر نیوز/ کھیل کود: جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے 7 وکٹ سے تاریخی فتح حاصل کر لی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ تاریخ میں اب تک کا سب سے کم مدت کا میچ رہا جس میں جیت اور ہار کا فیصلہ دوسرے ہی دن محض 642 گیندوں میں ہو گیا۔

کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس میں 3 جنوری سے شروع ہوا ٹیسٹ میچ 4 جنوری یعنی آج دوسرے دن ہی ختم ہو گیا۔ ہندوستان کو جیت کے لیے دوسری اننگز میں 79 رن کا ہدف ملا تھا جسے اس نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ ٹیسٹ میچ صرف 642 گیندوں میں ختم ہو گیا۔ اس سے پہلے سنہ 1932 میں میلبورن کے میدان پر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور 72 رن سے ہرایا تھا جس میں 656 گیندیں پھینکی گئی تھیں۔

ویسے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کئی ریکارڈ بنے لیکن سب سے اہم بات یہ رہی کہ کیپ ٹاؤن میں ہندوستان نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ یہ میچ پوری طرح سے گیندبازوں کا رہا کیونکہ 4 اننگز میں صرف ایک سینچری بنی اور نصف سینچری کسی نے نہیں بنائی۔

اس مشکل پچ پر ہندوستان نے 7 وکٹ سے جیت حاصل کی اور پہلی اننگز میں جہاں محمد سراج نے 6 وکٹ لے کر افریقی ٹیم کی کمر توڑ دی تھی، وہیں دوسری اننگز میں بمراہ نے 6 وکٹ لیتے ہوئے ہندوستان کے لیے جیت کا راستہ ہموار کیا۔

آج صبح جب جنوبی افریقہ نے کل کے اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 62 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں اس کا چوتھا کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 36 اعشاریہ 5 اوور میں 176 رن پر آؤٹ ہو گئی اور ہندوستان کے سامنے جیت کے لیے 79 رن کا ہدف رکھا۔ ہندوستان نے 79 رن کا ہدف محض 12 اوور میں حاصل کر لیا۔

ہندوستانی گیند باز محمد سراج نے 46 رن دے کر 7 وکٹ حاصل کیے جس کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ پوری سیریز میں 12 وکٹ لینے والے ہندوستانی گیندباز جسپریت بمراہ کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ مشترکہ طور پر جسپریت بمراہ اور جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر کو دیا گیا ہے جنھوں نے پہلے میچ میں 185 رن بنا کر ہندوستان کو جیت سے دور کر دیا تھا۔

ٹیگس