ہندوستانی مسلمانوں کی حالت بہتر بنائے جانے پر تاکید
Sep ۰۲, ۲۰۱۵ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
-
ہندوستان کے نائب صدر حامد انصاری
ہندوستان کے نائب صدر نے اپنے ملک کے مسلمانوں کی صورتحال بہتر بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے نائب صدر حامد انصاری نے کہا ہے کہ ریاست کو ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔منگل کے دن ایک تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ شناخت، سلامتی، تعلیم اور فیصلہ سازی میں حصہ ایسے مسائل ہیں جن سے ہندوستان میں بسنے والے مسلمان دو چار ہیں اور ان مسائل کے حل کے لئے ریاست کو آگے آنا ہو گا۔
ہندوستان کے نائب صدر نے اس ملک کے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے ایک جامع اور تحقیق پر مبنی طرز عمل اختیار کئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک اعشاریہ دو ارب نفوس پر مشتمل ہندوستان کی کل آبادی کا تقریبا چودہ فیصد حصہ مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ ہندوستان کے ایوان زیریں لوک سبھا کی بائیس اور ایوان بالا راجیہ سبھا کی چوبیس نشستیں مسلمانوں کے پاس ہیں۔