ہندوستان کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مہم میں پاکستان کی حمایت کا اعلان
ہندوستان نے دہشت گرد گروہوں کے خلاے مہم میں پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے سنیچر کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکا کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں پہلی بار پاکستان میں سرگرم حقانی گروپ اور لشکر طیبہ جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مہم پر زور دیا گیا ہے جس کا ہندوستان خیر مقدم کرتا ہے۔۔
انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان اپنے وعدوں پر عمل کرے گا۔وکاس سوروپ نے کہا کہ حقانی گروپ اور لشکر طیبہ پاکستان سے باہربھی دہشت گردی میں مصروف ہیں ۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نےامریکا اور پاکستان کے مشترکہ بیان میں مسئلہ کشمیر کا ذکر موجود ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور اس سے ہمارے موقف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ اپنے تمام مسائل اور اختلافات دو جانبہ مذاکرات کے ذریعے پر امن طور پر حل کرنا چاہتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان بارہا اعلان کرچکا ہے کہ مسئلہ کشمیر نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان دو جانبہ مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے اور اس مسئلے میں کسی بھی تیسرے فریق کی مداخلت اسے منظور نہیں ہے۔