Dec ۰۳, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۸ Asia/Tehran
  • تمل ناڈو میں سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 269

ہندوستان کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد دوسو انہتر ہوگئی ہے اور وزیر اعظم مودی نے متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کیا ہے۔

دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں کہا کہ تمل ناڈو میں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد دوسو انہتر ہوگئی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ریاست کے دارالحکومت چنئی میں چالیس فی صد موبائل فون اور ٹیلی فون کنیکشن کام نہیں کر رہے ہیں۔

ادھر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سیلاب زدہ علاقوں کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے تمل ناڈو کا دورہ کیا۔ نریندر مودی تمل ناڈو میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کو چنئی پہنچے۔ انہوں نے چنئی پہنچنے کے بعد متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کیا اور اس کے بعد ریاست کی وزیر اعلی جے للتا سے ملاقات کی۔

نریندر مودی نے امدادی کاموں کے لئے تمل ناڈو کو ایک ہزار کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم مرکزی حکومت کی طرف سے پہلے جاری کی گئی رقم نو سو چالیس کروڑ روپے کے علاوہ ہے۔ ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے بدھ کو چنئی ایئرپورٹ کو اتوار، چھے دسمبر، تک بند کئے جانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے پہلے منگل کی رات سے جمعرات کی صبح تک چنئی ایئر پورٹ سے پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ٹیگس