ہندوستان میں سیکورٹی ہائی الرٹ
Dec ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۹:۵۵ Asia/Tehran
ہندوستان میں القاعدہ سے تعلق رکھنے کے الزام میں دو افراد کی گرفتاری کے بعد سیکورٹی ہائی الرٹ کا اعلان کردیا گیا ہے
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی اور اڑیسہ میں القاعدہ کے ساتھ تعاون کرنے کے الزام میں دو افراد کی گرفتاری کے بعد سے اس ملک میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔
دہلی کے پولیس چیف اتل سکسینا نے جمعرات کے دن کہا کہ ہر طرح کے ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کی روک تھام اور لوگوں کی جانوں کے تحفظ کے مقصد سے نئی دہلی کے بعض علاقوں میں ہائی الرٹ نافذ کردیا گیا ہے اور ان علاقوں میں پولیس گشت میں مصروف ہے۔
اس سے قبل بھی ہندوستان کی خفیہ ایجنسی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملے کی کوشش اور دہشت گردانہ حملے کرنے کے الزام میں لشکر طیبہ کے تین عناصر کو گرفتار کرنے کی خبر دی تھی۔