ہندوستان میں فرانس کے قونصلیٹ کو دھمکی آمیز خط موصول
فرانس کے صدر کے دورہ ہندوستان سے پہلے ہی ہندوستان میں فرانس کے قونصلیٹ کو دھمکی آمیز خط ملا ہے-
رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں واقع فرانس کے قونصلیٹ کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط میں فرانس کے صدر فرانسوا اولاند سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ہندوستان کا دورہ نہ کریں-
بنگلور کے ایک اعلی پولیس افسر نے بتایا ہے کہ اولاند کے آئندہ دورہ ہندوستان کے خلاف دھمکی آمیز تین سطروں کا خط انگریزی میں لکھا ہوا ہے - انھوں نے بتایا کہ گیارہ جنوری کو فرانس کے قونصلیٹ کو موصول ہونے والے خط میں دھمکی کی شکل واضح نہیں ہے بلکہ صرف اتنا کہا گیا ہے کہ اولاند کو ہندوستان کا دورہ نہیں کرنا چاہئے-
بنگلور کے ایک دیگر پولیس عہدیدار ایس آر چرن ریڈی نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں چودہ جنوری کو ایک کیس درج کیا گیا - انھوں نے کہا کہ تحقیقات میں پایا گیا ہے کہ یہ خط چنئی سے بھیجا گیا ہے لیکن جس پتے سے یہ خط بھیجا گیا تھا وہ غلط ہے اور پولیس خط بھیجنے والے کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے-
واضح رہے کہ فرانس کے صدر فرانسوا اولاند چھبیس جنوری کو ہندوستان کے دورے پر جانے والے ہیں- فرانس کے صدر ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔