ہندوستان میں سڑسٹھواں یوم جمہوریہ، صدر پرنب مکھرجی کا خطاب
ہندوستان کے صدر جمہوریہ نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ ہندوستان کو عدم تحمل اور تشدد پھیلانے والی طاقتوں سے اپنی حفاظت کرنی ہوگی -
ہندوستان کے صدر پرنب مکھر جی نے پیر کی رات اس ملک کے سڑسٹھویں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور مساوات ہماری بنیادی قدریں ہیں ان پر حملوں کا فوری نوٹس لینا چاہئے-
ہندوستانی صدر پرنب مکھرجی نے کہا کہ پڑوسیوں کے ساتھ اختلاف رائے کو بات چیت کے ذریعہ حل کیا جانا چاہئے تاہم، ہم گولیوں کی بارش میں امن پر بات چیت نہیں کرسکتے ۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی دہشت گردی اچھی یا بری نہیں ہوتی ۔ یہ خالص برائی ہے ۔
پرنب مکھرجی نے کہا کہ مختلف ممالک کسی بھی بات پر ایک رائے نہیں ہوسکتے لیکن آج کی دنیا میں چیلنج، بقائے باہم کا ہے کیونکہ دہشت گرد حکمت عملی استحکام کی اصل بنیادوں کو ہی مسترد کرنے میں لگے ہیں ۔ صدر جمہوریہ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ملک کو تشدد اور عدم رواداری کے خلاف بھی چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔ ملک میں رواداری کے مسئلے پر جاری بحث کے پس منظر میں پرنب مکھرجی نے کہا کہ ماضی کی تعظیم قوم پرستی کیلئے لازمی جز ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا بہترین ورثہ اور جمہوری ڈھانچہ ہر شہری کیلئے انصاف، مساوات اور معاشی برابری کو یقینی بناتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ہماری قومیت کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ جب تشدد کے واقعات ان اصولوں کو نقصان پہنچاتے ہیں تو ہمیں ان پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔