ہندوستان میں نکسلیوں کے حملے میں دوعام شہریوں سمیت پانچ پولیس اہلکار ہلاک
ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ کے پلامو علاقے میں نکسلیوں کے ایک حملے میں پانچ پولیس اہلکار اور دو شہری ہلاک ہو گئے ہیں-
ہندوستانی ذرائع کے مطابق پلامو علاقے میں نکسلیوں نے دھماکہ کر کے پولیس کی گاڑی اڑا دی- اس واقعے میں دو عام شہریوں سمیت پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے-
تفصیلات کے مطابق نکسلیوں نے کالا پہاڑی کے پاس بارودی سرنگ سے دھماکہ کر کے پولیس اہلکاروں کی گاڑی اس وقت اڑا دی جب اس علاقے میں سیکورٹی اہلکاروں اور نکسلیوں کے درمیان جھڑپ جاری تھی- یہ پولیس اہلکار، برسرپیکار سیکورٹی اہلکاروں کی مدد کے لئے جا رہے تھے- اس واقعے کو رواں سال کا پہلا بڑا نکسلی حملہ بتایا جا رہا ہے- اس سے قبل ریاست چھتیس گڑھ کے بیجا پور ضلع میں نکسلیوں نے تین گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی-
پی ٹی آئی کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ کچھ دیہی باشندے " اندراوتی ندی " کے کنارے ریت نکال رہے ہیں تبھی نکسلیوں نے وہاں پہنچ کر تین گاڑیوں کو جلا دیا- ہندوستان کی کئی ریاستوں میں نکسل باغی سرگرم ہیں اور آئے دن پولیس اور فوج کے جوانوں پر حملے کرتے رہتے ہیں-