ہندوستان: ایک شخص نے اپنے ہی کنبے کے چودہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا
ممبئی کے مضافاتی ضلع تھانے میں ایک شخص نے اپنے ہی گھر کے کم سے کم چودہ افراد کو قتل کر کے خود بھی خود کشی کر لی۔
ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ ضلع تھانے کے ایک علاقے میں حسن انور واریکر نامی شخص نے اپنے والدین، بہنوں، ان کے بچوں اور اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد پھندا لگا کر خود بھی خود کشی کرلی۔
پینتیس سالہ حسن انور واریکر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک نجی کمپنی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھا۔ اس خوفناک واردات کا شکار ہونے والوں میں سات بچے شامل ہیں۔ اس واقعے میں شدید زخمی ہونے والی ایک خاتون کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جو قاتل کی بہن صوبیہ بھرماکر بتائی جاتی ہے۔ تھانے پولیس کے جوائنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ گھر سے ایک شخص کی پھندے سے لٹکی ہوئی لاش ملی ہے جس کے ہاتھ میں ایک تیز دھار چاقو تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ قاتل نے ہفتے کی رات اپنی بہنوں کو دعوت پر اپنے گھر بلایا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واردات کے پیچھے کوئی خاندانی تنازعہ ہے لیکن اصل وجہ پوری تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔
بتایا جاتا ہے کہ قاتل نے پہلے اپنے گھر والوں کو کھانے میں بیہوش کرنے والی دوا ملا کر کھانا کھلایا اس کے بعد انہیں قتل کر دیا۔