نئی دہلی اور گجرات کےبعد دیگر علاقوں میں بھی سیکورٹی الرٹ جاری
دہشت گردانہ حملے کے خطرے کے پیش نظرگجرات اور نئی دہلی میں جاری کئےگئے الرٹ کے بعد اب ہندوستان کے کئی علاقوں میں سیکورٹی الرٹ جاری کردیاگیا ہے-
ہندوستانی میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ہر قسم کے ممکنہ دہشت گردانہ حملے سے نمٹنے کے لئے این ایس جی کی چارٹیمیں گجرات روانہ کردی ہیں جن میں سے تین ٹیمیں احمدآباد اور ایک ٹیم سومناتھ مندر میں رہے گی -
ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر کے ذریعے دی گئی اطلاع کے بعدکہ ممکن ہے کہ لشکرطیبہ اور جیش محمد کے کچھ دہشت گرد ہندوستان میں داخل ہوگئے ہوں ، اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردعناصر مہا شیوراتری کے موقع پر بڑا حملہ کرسکتے ہیں -
دوسری جانب اس اندیشے کے پیش نظر کہ یہ دہشت گردعناصر سمندر کے راستے ہندوستان میں داخل ہوئے ہیں، ریاست مہاراشٹر کی پولیس نے پیر کو ممبئی سمیت پوری ریاست میں الرٹ جاری کردیا ہے -