ہندوستان میں جماعت المجاہدین کے دو کارکنوں کی گرفتاری
ہندوستان میں جماعت المجاہدین کے دو کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ہندوستان کے سیکورٹی حکام نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں افراد کو بدھ کے روز شہر کولکتہ کے مٹیا برج کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
ان دونوں افراد پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
ادھر بنگلہ دیش کی پولیس نے بھی جماعت المجاہدین سے وابستہ پانچ افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ان افراد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ان افراد نے اعتراف کیا ہے کہ وہ چھبّیس مارچ کو بنگلہ دیش کے یوم آزادی کے موقع پر اس ملک کے دارالحکومت ڈھاکہ میں دہشت گردانہ حملہ کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں جماعت المجاہدین، انّیس سو چھیانوے میں قائم ہوئی جس نے سترہ اگست دو ہزار پانچ کو بنگلہ دیش کے پچاس شہروں کے تین سو علاقوں میں بیک وقت پانچ سو بم دھماکے کئے تھے۔
بنگلہ دیش میں اس گروہ کے اب تک کئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔