ہندوستان: وزیراعظم نریندرمودی پرکڑی نکتہ چینی
کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک میں خوف کا ماحول پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔
لوک سبھا کی سابق اسپیکر اور کانگریس کی سینئر رہنما میرا کمار نے وارانسی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک میں "خوف کا ماحول" پیدا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کے عوام اسمبلی انتخابات میں انہیں جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غریب، مزدور اور کسان سمیت بیشتر لوگ پریشان اورخوفزدہ ہیں۔
دوسری جانب ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے کالے دھن اور بدعنوانی کے خلاف لڑائی کو سیاست سے نہ جوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کا فیصلہ کسی کو پریشان کرنے کے لئے نہیں بلکہ معیشت کو مضبوط بنانے، خزانے کی لوٹ روکنے اور غریب اور متوسط طبقے کا استحصال ختم کرنے کے لئے کیا گیا جو اب تک کا دنیا کا سب سے بڑا فیصلہ ہے۔
صدر جمہوریہ کے خطاب پر راجیہ سبھا میں تین دن سےجاری بحث کا جواب دیتے ہوئے مودی نے نوٹوں کی منسوخی پر تنقید کرنے والے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ پر نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں پر بھی شدید حملہ کیا۔
مسٹر مودی کی مسٹر سنگھ پر اس سلسلے میں کئے گئے طنزیہ تبصرے سے دلبرداشتہ کانگریس کے ارکان نے ان کی تقریر کے درمیان ہی ایوان سے واک آؤٹ کیا۔