ہندوستان: وزیر اعظم پر کڑی نکتہ چینی
کانگریس نے الزام لگایا کہ وزیراعظم اپوزیشن کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں۔
کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے خلاف بیان دینے پروزیراعظم نریندرمودی کوسخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کے عہدے کے وقار کو بار بار ٹھیس پہنچایا ہے اور وہ سیاسی بحث کو ناقابل قبول سطح تک نیچے لے آئے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپوزیشن کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں اس لئے کہ ان سے اپنی تنقید برداشت نہیں ہو پاتی ہے۔
دوسری جانب مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی کا دفاع کرتے ہوئے آج کہا کہ کانگریس نے ان کے رین کوٹ والے بیان کا غلط مطلب نکالا ہے۔
سنگھ نے نامہ نگاروں سے اپنی گفتگو میں کہا کہ مودی کے رین کوٹ والے بیان کا مطلب تھا کہ ڈاکٹر من موہن سنگھ کےدورحکومت میں بہت سے اسکینڈل ہوئے لیکن انہوں نے اپنے آپ کو ان سے بچاکررکھا لیکن کانگریس نے بلا وجہ اس پر ہنگامہ کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر من موہن سنگھ کا سبھی احترام کرتے ہیں۔