اترپردیش اور اتراکھنڈ میں پولنگ
سخت سیکورٹی کے درمیان یوپی اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے اوراتراکھنڈ میں چوتھی اسمبلی کے قیام کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
سیکورٹی کے سخت بندوبست کے درمیان یوپی اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مغربی اتر پردیش کے 11 اضلاع کی 67 سیٹوں پر جبکہ اتراکھنڈ میں چوتھی اسمبلی کے قیام کے لئے70 میں سے 69 اسمبلی سیٹوں پرپولنگ آج صبح شروع ہو ئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ یہ الیکشن کئی معنوں میں کانگریس اور بی جے پی کے لئے اہم ہونے جا رہا ہے۔ کئی قد آور لیڈروں کا کریئر داؤ پر لگا ہے۔
مخدوش پولنگ مراکز پر مرکزی فورسیز کی نگہبانی کافی بڑھی ہوئی ہے۔ مخلوط آبادی والے پولنگ مراکز پر خاص چوکسی برتی جا رہی ہے۔
آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے الیکشن مکمل کرانے کے لئے پولنگ اہلکار اور مرکزی نیم فورس پولنگ مراکز پر پہنچ چکے ہیں جبکہ حساس مقامات پررائے دہندگان کا اعتماد بحال کرنے کے لئے سلامتی دستے فلیگ مارچ کررہے ہیں۔
ووٹنگ کے دوران ہیلی کاپٹر اور ڈرون کیمرے کے ذریعے امن و قانون کی صورت حال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ تقریبا تمام مراکز پر ویڈیو ریکارڈنگ اور کئی مراکز پر پولنگ کی لائیو کوریج ہورہی ہے۔