Feb ۲۷, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۹ Asia/Tehran
  • اترپردیش: اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی پولنگ

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی پولنگ آج صبح 7 بجے شروع ہوئی۔

سیکورٹی کے سخت انتظامات میں اترپردیش اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 11 اضلاع کی 51 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ پولنگ بوتھ پر ووٹروں کی لمبی قطاریں ہیں۔ تاہم، ایودھیا کے کٹرا میں کچھ پولنگ مراکز پر الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں خرابی آنے سے پولنگ میں خلل پیدا ہوا ہے۔ اسی طرح فیض آباد میں ملكی پور سیٹ سے ایس پی امیدوار اور اکھلیش حکومت میں کابینہ وزیراودھیش پرساد کی گاڑی پر حملہ ہوا ہے۔ حملے کا الزام بی جے پی امیدوار گورکھ ناتھ کے کارکنوں پر لگا ہے۔ اس معاملے میں بی جے پی کے 9 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس مرحلے میں 617 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے۔ اس دوران 1.84 کروڑ سے زائد ووٹر اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے۔ یاد رہے کہ سن 2012 کے اسمبلی انتخابات میں حکمراں سماج وادی پارٹی کو 51 میں سے 37 سیٹیں ملی تھیں۔ بی ایس پی نے تین، بی جے پی نے پانچ، کانگریس نے پانچ اور پیس پارٹی نے دو سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔

اس مرحلے میں سب سے زیادہ 43 کروڑپتی امیدوار بی ایس پی کے ہیں۔ بی جے پی کے 38، سماج وادی پارٹی کے 32 اور کانگریس کے سات کروڑ پتی امیدوار میدان میں ہیں۔ ساتھ ہی 14 کروڑ پتی آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ 51 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہے امیدواروں میں سے 285 گریجویٹ، 38 تعلیم یافتہ اور نو ان پڑھ ہیں۔ جن اضلاع میں ووٹنگ ہو رہی ہے، وہ بہرائچ، بستی، بلرام پور، گونڈا، سنت كبيرنگر، شراوستی، سدھارتھ نگر، سلطان پور، فیض آباد اور امیٹھی ہیں۔

ٹیگس