وزیراعظم مودی کی اپوزیشین پرتنقید
ہندوستان کے وزیراعظم نے بنارس میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے بنارس میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس نے سیاست کے کلچر کو بدلا ہے۔ ان کے مطابق 'کچھ کا ساتھ، کچھ کی ترقی ہی واحد مقصد ہوتا ہے، جبکہ جمہوریت میں 'سب کی ترقی اور سب کا ساتھ دونوں ہی ضروری ہیں اور بی جے پی اسی فارمولے کو لے کر چل رہی ہے۔ مودی نے کہا کہ ان کا خواب پورے اترپردیش، پھر خواہ وہ پوروانچل ہی کیوں نہ ہو، کی ترقی ہے۔ ترقی کے لئے ملک کے تمام حصوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ جاپانی بخار کا ذکر کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ اگر یہاں کی حکومت صحیح ہوتی تو پوروانچل میں جاپانی بخار کا قہر اتنا نہیں ہوتا۔ ہر سال یہاں بڑی تعداد میں لوگ اس بخار کا شکار ہوتے ہیں، لیکن ریاستی حکومت اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے۔ نوٹ بندی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد کچھ لوگوں نے یہ افواہ پھیلائی کہ اب تاجروں کی خیرنہیں، محکمہ انکم ٹیکس والے انہیں پریشان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایماندار کو پریشان کرنے کی کوئی ہمت نہیں کرے گا، ملک میں ایماندار کا احترام کیا جائے گا اور لٹیروں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
دوسری جانب سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے بانی ملائم سنگھ یادونے ضلع کے ملہنی اسمبلی حلقے کے کولاہل گنج میں پارٹی امیدوار اورکابینی وزیر پارس ناتھ یادو کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سمیت دیگر مخالف جماعتوں کے بہکاوے میں قطعی نہ آئیں اور ریاست میں ایک بار پھر ایس پی کی حکومت بنوانے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی نے ہر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔