Mar ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بابری مسجد کیس کا معاملہ، سپریم کورٹ کا اعلان

ہندوستان کی عدالت عالیہ نے کہا ہے کہ بابری مسجد کیس میں بی جے پی کے رہنماؤں کے خلاف الزامات خارج نہیں کئے جائیں گے۔

یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی سپریم کورٹ نے ریاست اتر پردیش میں بابری مسجد کیس کی سماعت دو الگ الگ عدالتوں میں کرنے کے بجائے ایک جگہ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

ہندوستان کی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ بابری مسجد کیس میں تکنیکی بنیادوں پر ایل کے اڈوانی اوربی جے پی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف الزامات خارج نہیں کئے جائیں گے۔

بابری مسجد کیس کی سماعت کے دوران ہندوستان کی سپریم کورٹ نے تکنیکی بنیادوں پر الزامات خارج کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ۔عدالت نے کہا کہ بابری مسجد شہید کرنے کے معاملے میں بی جے پی رہنماؤں کو سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور یہ کہ ایل کے اڈوانی، کلیان سنگھ، مورلی منوہر جوشی اور اُوما بھارتی پر فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔

اس حوالے سے سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ بائیس مارچ کو سامنے آ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں ہندو انتہاپسندوں نے چھے دسمبرانّیس سو بیانوے کو ایودھیہ میں رام کی جائے پیدائش قرار دیتے ہوئے ایسی حالت میں تاریخی بابری مسجد کو شہید کر دیا تھا کہ عدالت میں ابھی اس سلسلے میں کیس جاری تھا اور کوئی فیصلہ بھی سامنے نہیں آیا تھا۔

ٹیگس