سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ
کل جماعتی حریت کانفرنس نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی ریڈ کراس کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پرزوردیا ہے کہ وہ مختلف جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے عملی اقدامات کریں۔
میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم، تحریک حریت جموں وکشمیر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نعیم احمد خان نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں انتظامیہ کی طرف سے جاری گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انھوں نے افسوس ظاہر کیا کہ انتظامیہ نے اظہار رائے کی آزادی پر قدغن عائد کر رکھی ہے۔
کشمیر میں ہندوستانی فوج نے پارلیمانی انتخابات سے قبل سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ، کولگام اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں گھروں پر چھاپوں کے دوران لڑکوں اور معمر افراد سمیت 3 درجن سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر لیا۔ سیکڑوں لوگوں نے ضلع کولگام کے علاقوں چولگام اور بڈرو میں گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اورسڑک بلاک کر دی۔
ضمنی انتخابی پولنگ 9 اور 12اپریل کو سرینگر اور اسلام آباد کے حلقوں میں کرائی جائے گی۔