بابری مسجد اور رام جنم بھومی معاملے پر فوری سماعت کرنے سے سپریم کورٹ کا انکار
ہندوستان کی سپریم کورٹ نے بابری مسجد اور رام جنم بھومی معاملے کی سماعت فوری طور پر کرنے کی درخواست خارج کردی ہے
ہندوستان کی سپریم کورٹ نے جمعے کو بی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی کی اس درخواست کو خارج کردیا ہے جس میں انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ بابری مسجد اور رام جنم بھومی کے معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے - سپریم کورٹ نے سبرامنیم سوامی سے کہا کہ آپ معاملے کے فریق نہیں ہیں - سپریم کورٹ نے گذشتہ سماعت کے دوران کہا تھا کہ اس معاملے سے جڑے سبھی فریق مل بیٹھ کر مسئلے کا حل تلاش کریں اور اس سلسلے میں اتفاق رائے حاصل کریں- ہندوستان کی سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ اگر اس معاملے پر فریقوں کی بات چیت ناکام ہوجاتی ہے تو عدالت مداخلت کرنے کو تیار ہے - دوسری جانب بابری مسجد ایکشن کمیٹی نے سپریم کورٹ کا یہ مشورہ ماننے سے انکارکرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں عدالت کے ذریعے فیصلہ سنایا جائے کیونکہ ماضی میں معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لئے چھے بار سے زائد مذاکرات ہوچکے ہیں جو ناکام تھے-