May ۱۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۵۰ Asia/Tehran
  • آندھی اور بارش، 19 جاں بحق 100 زخمی

اترپردیش میں آندھی سے 19 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے اور100 سے زائد زخمی ہوئے۔

ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کے مرکزی شہر لکھنؤ سمیت مختلف اضلاع میں تیزآندھی، بارش اور درخت اور دیوار گرنے سے کم از کم 19 افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

 بہرائچ سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان سے کم از کم سات افراد جاں بحق اورکئی دیگر زخمی ہو گئے۔ آندھی اور بارش کی وجہ سے ضلع میں تقریبا 150 کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

فرخ آباد میں بارش کے ساتھ آئی تیز آندھی میں درخت اور دیوار کےگرنے سے پانچ افراد کی موت ہو گئی اورتقریبا تیس مویشی بھی ملبہ میں دب کر مر گئے۔ سڑکوں پر درختوں کے ٹوٹ کر گرنے سے بجلی کی سپلائی اور ٹریفک بھی متاثر ہوا۔

مہراج گنج سے موصول اطلاع کے مطابق بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ پیلی بھیت کے بیسلپور علاقے میں رائے پور گاؤں میں بجلی گرنے سے تین افراد کی موت اور سات دیگرشدید طورپر جھلس گئے۔

سیتاپور کے ریوسا علاقے میں آندھی میں ایک نجی اسکول کی سمینٹ کی چادر گر گئی جس سے کئی طلبا زخمی ہو گئے۔

طوفان، بارش اور بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

ٹیگس