بابری مسجد انہدام معاملہ، اہم بی جے پی لیڈران کی تیس مئی کو عدالت میں طلبی
بابری مسجد انہدام معاملے میں اسپیشل سی بی آئی کورٹ نے سبھی ملزمان کو تیس مئی کو پیش ہونے کو کہا ہے۔
اسپیشل سی بی آئی کورٹ نے بابری مسجد انہدام معاملے میں بی جے پی کے اہم لیڈروں منجملہ لا ل کرشن اڈوانی، مرلی منوہرجوشی، اوما بھارتی اور ونئے کٹیار سمیت تیرہ لیڈروں کو تیس مئی کو حاضر ہونے کو کہا ہے-
عدالت نے کہا ہے کہ ان سبھی کو تیس مئی کو سماعت کے لئے کورٹ میں موجود رہنا ہو گا- ان سبھی لیڈروں پر چھے دسمبر انیس بانوے میں بابری مسجد کو شہید کرنے کی سازش میں شامل ہونے کا الزام ہے-
اسی معاملے پر جمعرات کو بھی شیوسینا کے پانچ لیڈروں کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی جن میں سے صرف ایک لیڈر عدالت میں حاضر ہوا-
واضح رہے کہ انیس اپریل کو سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ایک مہینے کے اندر ہی اس کیس کی سماعت کر کے اس پر جلد سے جلد فیصلہ سنایا جائے- عدالت نے کہا ہے کہ دو سال کے اندر کیس کا فیصلہ آجانا چاہئے-