May ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
  • اتحاد بین المسلمین پر تاکید

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے انجمن شرعی شیعیان کے صدر دفتر پر ضلع بڈگام سے وابستہ ائمہ جمعہ کی ایک روزہ کانفرنس آغا سید حسن الموسوی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں تمام مسالک سے وابستہ ائمہ جمعہ و الجماعت نے شرکت کی۔

کانفرنس میں ائمہ جمعہ پر زوردیا گیا کہ وہ دین و انسانیت کی فلاح و بہبود اور اصلاح معاشرہ کے ساتھ ساتھ اتحاد و اخوت کی حفاظت کے لئے موثر کردار ادا کریں۔

انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینیئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کا دن اجتماع امورات مسلمین پرغور و فکر کا دن ہے اور ظلم و ظالم کے خلاف صدائے احتجاج ائمہ جمعہ کی منصبی ذمہ داری ہے۔

اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے انجمن شرعی شیعیان کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلکی تشدد بھڑکانے کے درپے عناصر کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کشمیری مظلوم عوام کی سیاسی جدوجہد کو ظلم و استحصال کا فطری ردعمل قراردیتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، تب تک کشمیریوں کی مزاحمتی تحریک کا تسلسل بہرحال جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پکڑ دھکڑ، کُشت و خون، قائدین کی نظربندیاں، املاک کی توڑ پھوڑ، کرفیو اور بندشیں کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان کو گاڑی سے باندھ کر انسانی ڈھال بنانے کا واقعہ ظلم و بربریت کی انتہا ہے جس کا انسانی حقوق کی تنظیموں کو سنجیدہ نوٹس لینا چاہئے۔

منی شنکرائر کی قیادت والی بھارتی ٹیم سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ ہم نے ٹیم پر واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کوئی دو طرفہ معاملہ نہیں اور نہ کوئی سرحدی تنازعہ ہے، بلکہ سوا کروڑ انسانوں کے حق خودارادیت کا معاملہ ہے جس کو اقوام متحدہ نے تسلیم کررکھا ہے۔

 

ٹیگس