مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی تجویز مسترد
ہندوستان نے کشمیر کے تنازعے پر ہند - پاک مذاکرات شروع کرانے کے لئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گيوٹرس کی جانب سے کسی بھی طرح کی پہل کو مسترد کر دیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے کہا ہےکہ باہمی معاملات باہمی طور پر حل کئے جائیں گے۔
انہوں نے نامہ نگاروں کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا اس مسئلے پر موقف بالکل واضح ہے کہ دو طرفہ مسائل کو حل دو طرفہ بات چیت سے ہی کیا جا سکتا ہے اور یہ بات اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو بھی پتہ ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مسٹرگيوٹرس نے کہا تھا کہ وہ نریندرمودی اور نوازشریف سے مل چکے ہیں، انہوں نے قطعیت کے ساتھ یہ نہیں کہا تھا کہ وہ کشمیر کے معاملے پر دونوں ہمسایوں میں بات چیت شروع کرانے کی پہل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے پاکستان اور ہندوستان سے مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے کی اپیل کی تھی۔