کشمیر میں حالات کشیدہ
Jul ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۸ Asia/Tehran
کشمیر کے علاقےشوپیان میں فوجی گاڑی کی زد میں آنے سے کمسن طالبہ کی موت کے بعدعلاقہ میں شدید جھڑپیں شروع ہوئیں۔
ہندوستان کے زیر انتظام جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے زینہ پورہ میں آج جمعرات کی صبح احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین اُس وقت شدید جھڑپیں شروع ہوئیں جب ایک 9 سالہ اسکولی طالبہ فوجی گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئیں۔ اسکولی طالبہ کی شناخت زینہ پورہ سے ملحقہ گاؤں اگلر کی رہنے والی اروبا کے بطور کی گئی ہے۔
جھڑپوں میں 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے عوام کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شیل داغے۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔