Aug ۰۶, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • وینکیا نائیڈو ہندوستان کے نئے نائب صدر

قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار ایم وینکیا نائیڈو ہندوستان کے نئے نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار ایم وینکیا نائیڈو نے 18 اپوزیشن پارٹیوں کے امیدوار گوپال كرشن گاندھی کو بھاری ووٹوں سے ہرادیا۔ انہیں کل درست ووٹوں میں سے 516 ووٹ ملے جبکہ گوپال گاندھی کے حق میں 244 ووٹ پڑے۔  نائب صدر کے انتخابات میں 785 ووٹروں میں سے 771 نے اپناحق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 760 ووٹ درست پائے گئے۔

ووٹنگ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہندوستان کے وقت کے مطابق صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک ہوئی اور کل 98.21 فیصد پولنگ ہوئی۔ مختلف جماعتوں کے 14 رہنما ووٹ نہیں ڈال سکے۔ وینکیا نائیڈو ملک کے 13 ویں نائب صدر ہوں گے۔ وہ 11 اگست کو عہدے کا حلف لیں گے۔ موجودہ نائب صدر محمد حامد انصاری کی مدت 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔

وینکیا نائیڈو پہلے اطلاعات و نشریات اور شہری ترقی کے وزیر تھے۔ وہ طالب علمی کی زندگی ہی سے سیاست میں آ گئے تھے اور مسلسل بھارتیہ جنتا پارٹی سے جڑے رہے اور دو بار اس کے قومی صدر بھی بنے۔

ٹیگس