Aug ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں موسلادھار بارش، 21 جاں بحق، لاکھوں متاثر

ہندوستان کے علاقوں گورکھپور اور ممبئی میں طوفانی بارش سے 21 افراد جاں بحق جبکہ نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع گورکھپور میں سیلاب سے 16 افراد کے ڈوب جانے سے موت ہوگئی جبکہ دو لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔

ادھر 2 کروڑ سے زائد آبادی والا ساحلی شہر ممبئی طوفانی بارشوں کی زد میں آنے والا حالیہ شہر ہے، جس کے نتیجے میں ہندوستان، نیپال اور بنگلہ دیش میں ایک ہزار 200 سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔

ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے مطابق طوفان کے ساتھ تیز بارش کی وجہ سے تقریباً 200 درخت اکھڑ گئے ہیں اور 70 مقامات پر شارٹ سرکٹ ہوا ہے۔

ممبئی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ منگل سے شروع ہونے والی شدید بارش سے اب تک کم از کم 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، سڑکوں پر کئی انچ تک پانی جمع ہے جبکہ مقامی ریلوے کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

سڑکوں پر کئی انچ تک پانی جمع ہونے کی وجہ سے متعدد گاڑیاں بند ہوکر پھنس گئیں اور لوگ مجبوراً پانی سے گزرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب بڑھتے رہے۔

واضح رہے کہ حالیہ طوفان نے 2005 کی یادیں تازہ کردی ہیں جب ممبئی میں چوبیس گھنٹے کے دوران تقریباً 950 ملی میٹر (37 انچ) بارش ریکارڈ کی گئی تھی، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ہندوستان، نیپال اور بنگلہ دیش کے کئی حصے جون سے ستمبر یا اکتوبر ہونے والی مون سون بارشوں سے شدید متاثر ہوتے ہیں تاہم ریڈ کراس نے رواں سال ہونے والی طوفانی بارشوں کو خطے کے چند حصوں میں دہائیوں میں ہونے والی بدترین بارش قرار دیا ہے۔

ٹیگس