ہندوستان کا پاکستان سے مشروط مذاکرات کرنے کا اعلان
ہندوستان نے پاکستانی رویے میں تبدیلی کے بعد مذاکرات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کل نظام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعوی کیا کہ پاکستان ہندوستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہے،وہ دہشت گرد بھیج کر جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہا ہے،اسلام آباد کے رویے میں تبدیلی کے بعد ہی مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ ہندوستانی وزیر داخلہ نے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کے الزام کو دہراتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمسایہ ملک ہندوستان کو دہشت گردوں کی برآمد نہیں روکتا اس وقت تک اس کے ساتھ مذاکرات ثمر آورثابت نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ سرحد پر صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور ہندوستان اب کمزور ملک نہیں رہا، دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے اور اس کی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہندوستان کے وزیرداخلہ نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور ماؤ نوازوں کے مسائل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےعزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ 5سال کے اندر ملک سے دہشت گردی اور نکسل ازم کا خاتمہ ہوجائے گا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ایک طاقتور ملک کے طورپر ابھرا ہے اور کوئی بھی طاقت اس کی خودمختاری پر بری نظر نہیں ڈال سکتی۔