Nov ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۴ Asia/Tehran
  • بابری مسجد کے بارے میں موہن بھاگوت کے بیان پر مسلم تنظمیوں کا سخت ردعمل

ہندوستان میں بابری مسجد کے مسمار شدہ مقام پر ہی رام مندر بنانے کے بارے میں ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیان پر اس ملک کی مسلم تنظیموں اور گروہوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایسی حالت میں کہ ہندوستان کے مسلمان گروہوں اور تنظیموں کی جانب سے ریاست اترپردیش میں بابری مسجد کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش جاری ہے اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں کیس بھی چل رہا ہے، مسجد کے مقام پر ہی رام مندر بنانے کے بارے میں موہن بھاگوت کے بیان نے ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔

موہن بھاگوت نے جمعے کے روز ہندوؤں کے ایک اجلاس میں کہا ہے کہ مسجد کی جگہ پر ہی مندر تعمیر کیا جائے گا۔

ہندوستان کے مسلمان گروہوں اور تنظیموں کا کہنا ہے کہ بھاگوت کے بیان نے ہندوستان کی سپریم کورٹ کو چیلنج کر دیا ہے۔ باربری مسجد ایکشن کمیٹی کنوینر ظفریاب جیلانی نے موہن بھاگوت کے بیان کو ہندوستان کی جمہوریت کے لئے خطرناک قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں انتہا پسند ہندوؤوں نے دسمبر انّیس سو بیانوے میں ریاست اترپردیش کے شہر ایودھیہ میں واقع بابری مسجد پر حملہ کر کے اسے شہید کر دیا تھا جس کے بعد پورے ہندوستان میں حالات سخت کشیدہ ہو گئے تھے اور ہونے والے فسادات اور ہنگاموں میں دو ہزار سے زائد افراد مارے گئے تھے۔

ٹیگس