ہندوستان میں جھڑپ میں 14نکسلی ہلاک
ہندوستان میں سکیورٹی فورسز اورنکسلیوں کے مابین ہونے والی خونریز جھڑپ میں 14نکسلی ہلاک ہو گئے۔
ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ کے سکماضلع کے نزدیک کونٹا اور گولاپلی کے درمیان سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 14نکسلی ہلاک ہوگئے ۔پولیس نے یہ اطلاع دی ہے ۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک مینا کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز چھتیس گڑھ کے سکماضلع کے نزدیک کونٹا اور گولاپلی کے علاقہ میں تلاشی مہم چلارہی تھیں کہ اسی دوران ماؤنوازوں نے ان پر گھات لگا کرحملہ کیا ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد کئی نکسلی موقع سے فرارہوگئے تاہم پولیس نے موقع سے 14لاشیں برآمد کی ہیں ۔اس کے علاوہ چارآئی ای ڈی اور 16اسلحہ ضبط کئے گئے ہیں ۔جائے وقوعہ پر اضافی پولیس فورس روانہ کی گئی ہے ۔
دریں اثنا ،اسی علاقہ میں ایک اور جھڑپ جاری ہے جہاں 100سے زیادہ مسلح انتہاپسند موجود ہیں ۔پولیس لاشوں کو لانے کے لئے بندوبست کررہی ہے ۔