Aug ۱۱, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں سیلاب سے 29 ہلاک 54 ہزار بے گھر

ہندوستانی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوج طلب کرلی گئی۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق مون سون بارشوں کے نہ تھمنے والے سلسلے نے ہندوستان کے دارالحکومت سمیت کئی ریاستوں میں معمولِ زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔ جنوبی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں سے جمع ہونے والے پانی کی سطح 2 ہزار 4 سو فٹ بلند ہونے پر مجبوراً ڈیم کے دروازے کھولنے پڑے۔

محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ 26 سال میں پہلی بار کیرالا کے ضلع اڈوکی میں ڈیم کے دروازے کھولنے پڑے جس کی وجہ سے پانی کا سیلابی ریلا کئی دیہات کو بہا کر لے گیا جب کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں مٹی کے تودے کے ملبے تلے دب کر ہوئی ہیں جس میں کم از کم 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور 10 افراد مختلف حادثات میں ہلاک ہوئے۔ جبکہ 54 ہزار لوگ بے گھر ہوئے

ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 241 ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں جب کہ اب تک 15 ہزار 6 سو 95 شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے تاہم مریضوں کی منتقلی میں دشواری کا سامنا ہے۔

 

ٹیگس