ہندوستان: بابری مسجد اور رام مندر کیس کی سماعت ملتوی
ہندوستان کی سپریم کورٹ میں بابری مسجد اور رام مندر تنازعے کے مقدمے کی سماعت جمعے کو ہوئی لیکن عدالت نے ایک ہی منٹ بعد ہی سماعت دس جنوری تک ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی اور جسٹس سنجے کشن کول مشتمل بینچ نے جمعے کو مقدمے کی سماعت کی جس نے صرف ساٹھ سیکنڈ میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے سماعت دس جنوری تک ملتوی کر دی۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق دس جنوری کو یہ معاملہ ایک بار پھر دو ججوں والے بینچ کے پاس جائے گا جو اسے تین ججوں کے بینچ کے حوالے کرے گا۔
فی الحال تین ججوں پر مشتمل بینچ کی تشکیل ہونا باقی ہے- تین ججوں والے بینچ میں کون کون سے جج ہوں گے اس کا فیصلہ بھی دس جنوری کو ہی ہو گا اور اسی دن عدالت یہ بھی فیصلہ کرے گی کہ مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی یا نہیں۔
اس سے پہلے عدالت نے مفاد عامہ کی ایک عرضی خارج کر دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ معاملے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔