ہندوستان میں طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی
سرکاری ذرائع کے مطابق طوفان کی وجہ سے پوری میں کچے گھروں، پرانی عمارتوں اور عارضی دکانوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔
ہندوستان کی ریاست خلیج بنگال میں فانی طوفان کے اوڈیشہ میں پوری کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور مختلف واقعات میں 160 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
علاقے میں بجلی اور مواصلات کا نیٹ ورک مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپونس فورس اور ریاست کی مختلف ایجنسی سڑکوں اور دیگر راستوں سے درختوں اور کھمبوں کو اٹھانے میں مصروف ہے۔
زبردست طوفان فانی سے ہوئی تباہی کے بعد صورت حال سے نمٹنے اور امداد اور بچاو مہم کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) کام کر رہی ہے اور 65ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ طوفان کی وجہ سے پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر بنائے گئے کیمپوں میں بھیج دیا گیا ہے۔اب تک 11 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔ بحریہ، کوسٹ گارڈ اور دیگر ایجنسیوں کی ٹیمیں بھی امدادی مہم میں لگ گئی ہیں۔
این ڈی آر ایف کے مطابق اس نے اس سے پہلے 2013میں فالن طوفان کے وقت امدادی کاموں اور بچاو کے کام کے لئے 63 ٹیمیں تعینات کی تھیں۔ اس مرتبہ 65 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں ۔
طوفان فانی کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈہ پر 39 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ طوفان کی وجہ سے بھونیشور ہوائی اڈہ جمعہ کو مکمل طور پر بند رہا جبکہ طوفان فانی سے اوڈیشہ کے بھونیشور ہوائی اڈے کو زبردست نقصان پہنچا ہے ۔