May ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۵ Asia/Tehran
  • کشمیر، ذاکرموسیٰ کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال، کرفیو، انٹرنیٹ اور ریل خدمات معطل

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انصارغزوۃ الہند نامی تنظیم کے بانی اور سربراہ ذاکر رشید بٹ عرف ذاکر موسیٰ کی فورسز کے ساتھ تصادم میں ہلاکت کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

جمعرات کی شام جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ڈاڈسرہ ترال میں ہونے والے ایک تصادم میں انصار غزوۃ الہند نامی تنظیم کے کمانڈر ذاکر موسیٰ سمیت دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔

ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے خلاف وادی کشمیر کے کئی حصوں بشمول جنوبی کشمیر اور گرمائی دارالحکومت سری نگر میں مظاہرے ہو رہے ہیں ۔

کشمیر انتظامیہ نے ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے خلاف ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے جنوبی کشمیر کے مختلف حصوں اور سری نگر کے پائین شہر میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کردی ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی گزشتہ شام وادی کشمیر کے کئی علاقوں خاص طور پر جنوبی کشمیر اور سری نگر میں شدید شبانہ احتجاجی مظاہرے ہوئے جس دوران سیکورٹی فورسز نے پتھراو کے مرتکب احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔

ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے خلاف وادی میںآج جمعہ کو مکمل ہڑتال ہے جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ (ایس آر ٹی سی) کی گاڑیاں بھی سڑکوں سے غائب ہیں۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی معمول کا کام کاج بری طرح سے متاثر رہا۔ شہر میں بیشتر پیٹرول پمپ بند دیکھے گئے۔

انتظامیہ نے صورتحال کو بگڑنے سے بچانے کے لئے شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس بھی معطل کردی ہے۔

ٹیگس