May ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۱:۲۷ Asia/Tehran
  • کشمیرمیں  تصادم ایک ہلاک 50 زخمی

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی ضلع کولگام کے ایک گاؤں میں آج بدھ کی صبح عسکریت پسندوں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کا آغاز ہوا۔

مقامی خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق طرفین کے درمیان جاری تصادم آرائی میں اب تک ایک عسکریت پسند مارا گیا تاہم اس کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے اور آپریشن بدستور جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہاں دو سے تین عسکریت پسند پھنسے ہوئے ہیں۔

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے محمد پورہ علاقے میں تصادم آرائی کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں کم سے کم 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد پورہ میں جوں ہی طرفین کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی اور اس کی خبر پھیل گئی تو لوگ گھروں سے باہر آئے اور تصادم آرائی کی طرف بڑھنے لگے۔

عسکریت پسندوں اور فورسز کے مابین معرکہ شروع ہوتے ہی پورے ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی ہے۔

کل جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے جنگلات میں ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو عسکریت پسند مارے گئےتھے۔

ہندوستان کی مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ  رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران جموں کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے 61 اہلکار اور11 عام شہری مارے گئے جبکہ142 افراد زخمی ہوئے جن میں 73سیکورٹی اہلکار اور 69 شہری بھی شامل ہیں۔ ایک آر ٹی آی کے جواب میں مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اس مدت کے دوران 177 واقعات رونما ہوئے ہیں۔ اس سے قبل شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے گزشتہ منگل کو اودہمپور میں کہا تھا کہ اس سال سیکورٹی فورسز نے 86 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور20کو گرفتار کیا ۔

 

ٹیگس