کرناٹک میں سیاسی بحران
ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں 12 اراکین اسمبلی کے استعفیٰ کے بعد کانگریس، جےڈی ایس اتحاد کی حکومت پر خطرے کی تلوار لٹک رہی ہے۔
کرناٹک میں ہفتے کے روز اچانک پیش آنے والے سیاسی واقعات سے کانگریس۔ جے ڈی ایس اتحاد کے 12 اراکین اسمبلی کے اسپیکر کے این رمیش کو استعفیٰ بھیجنے سے ریاست کی کمارا سوامی حکومت کے لیے سنگین خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق کل دوپہر ایک ڈرامائی واقعہ میں بر سر اقتدار اتحاد کے 12 اراکین اسمبلی نے اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ اسپیکر کے دفتر میں ملاقات کے بعد اراکین نے اشارہ دیا کہ حکومت میں کچھ موجودہ اراکین اسمبلی بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔
دریں اثنا، کرناٹک میں سیاسی بحران گہرے ہونے کے مدنظر کانگریس جنرل سکریٹری کے کے وینوگوپال کرناٹک کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔ وہیں، نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور اور ریاستی وزیر ڈی کے شیو کمار نے کانگریس کے ارکان اسمبلی کی ہنگامی میٹنگ طلب کر لی ہے۔ شیوکمار نے میڈیا سے یہ بھی کہا کہ کسی بھی رکن اسمبلی کا استعفیٰ نہیں ہو گا۔