شیلا دکشت کی وفات پر ہندوستان کے صدراور وزیراعظم کی تعزیت
دہلی کی سابق وزیراعلی اور ریاستی کانگریس کی صدر شیلا دکشت کا کل سنیچر کی دوپہر ایک پرائیوٹ اسپتال میں ہارٹ اٹیک ہونے سے انتقال ہوگیا۔ ا ن کی عمر81 برس تھی۔
دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دکشت کی وفات پر ہندوستان کےصدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو وزیراعظم نریندرمودی اور کانگریس کے صدر راہل گاندھی سمیت اس ملک کی سیاسی جماعتوں نے گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔
رام ناتھ کووند نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ محترمہ دکشت کے انتقال کی خبر سے گہرا دکھ پہنچا ہے۔ وہ دہلی کی سابق وزیر اعلی او رسینئر سیاسی رہنما تھیں۔ ان کے دور حکومت میں قومی دارالحکومت میں شاندار تبدیلیاں آئیں جس کے لئے انہیں یاد رکھا جائے گا۔
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے شیلا دکشت کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کانگریس پارٹی کی پیاری بیٹی کے ساتھ میرے ذاتی تعلقات تھے، دکھ کی اس گھڑی میں محترمہ دکشت کے عزیز و اقارب اور دہلی والوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
کنبہ کے ذرائع کے مطابق محترمہ دکشت کو کل صبح اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد ایسکورٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہوں نے دوپہر کو تقریباَ چار بجے آخری سانس لی۔ ان کے کنبہ میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔