ہندوستان: مسلمانوں سمیت دیگراقلیتوں کے خلاف تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار
ہندوستان کے معروف سماجی کارکنوں، فلم سازوں اور فنکاروں نے اس ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جس میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف انتہاپسندی کے واقعات پر اس ملک کے 49 فلم سازوں، فنکاروں اور معروف سماجی کارکنوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو کھلا خط لکھا ہے جس میں ملک میں عدم برداشت اور مسلمانوں سمیت دوسری اقلیتوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پرتشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف تشدد کے واقعات کو فوراً روکا جائے، پارلیمنٹ میں آپ نے ایسے واقعات پر تنقید ضرور کی تاہم صرف تنقید سے کام نہیں چلے گا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آج کل ہر کوئی سڑک پر “جے سری رام” کا نعرہ لگا کر ایک نئی جنگ کا آغازکر رہا ہے، خط میں ہندوستانی وزیراعظم سے پوچھا گیا کہ تشدد کرنےوالوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کو سخت سزا کیوں نہیں دی جا رہی۔
جن فلم سازوں اور فنکاروں نے نریندر مودی کوخط لکھاہے ان میں مانی رنتم، کونکنا سین، انوپم رائے اور انوراگ کشیاپ شامل ہیں۔