دہلی میں آلودگی تمام اسکول 2 دن کے لئے بند
دہلی میں آلودگی کی صورتحال سنگین ہونے پر تمام اسکول 2 دن کے لئے بند کر دئے گئے ہیں۔
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح بڑھنے کے بعد انوائرمنٹ پلوشن اینڈ کنٹرول اتھارٹی (ای پی سی اے )کے ذریعہ اسکولوں کو بند رکھنے کے لئے کہاگیا تھا۔
اس کے بعد دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے ٹویٹ کرکے اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے ٹویٹر پر بتایا کہ شمالی ہند میں فصلوں کے باقیات کی آلودگی کی وجہ سے بگڑتے حالات کے پیش نظر دہلی حکومت نے دہلی کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کو جمعرات اور جمعہ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال سنگین ہونے کی وجہ سے ای پی سی اے نے سفارش کی تھی کہ اگلے دو دنوں کے لئے دہلی کے اسکولوں کو بند رکھا جائے۔ ایسے میں اب دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے ٹویٹ کرکے اس کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ دارالحکومت میں فضائی آلودگی کے سبب دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پرطاق اورجفت (آڈ۔ایون) اسکیم کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ آڈ۔ایون چار نومبر کو شروع ہوا تھا اور 15 نومبر کو اس کے ختم ہونے کا امکان ہے۔