Dec ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۱ Asia/Tehran
  • ہندوستانی آئل ٹینکر کے عملے کا اغوا

ہندوستانی آئل ٹینکر کے عملے کے بیس افراد کو نائیجیریا کے ساحلی علاقوں میں اغوا کرلیا گیا ہے۔

ہندوستانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ابوجا میں ہندوستانی سفارتی مشن مذکورہ آئل ٹینکرکے عملے کے افراد کے اغوا کے معاملے پر نائیجیریا اور دیگر افریقی ملکوں کے حکام سے رابطے میں ہے۔ ہندوستانی ذرائع نے اس آئل ٹینکر کے عملے کے دیگرافراد اور ان کی تعداد کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں اور نہ ہی اغوا کئے گئے لوگوں کی شہریت کے بارے میں کوئی اشارہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ دس روز قبل نائیجیریا کے ساحل کے قریب ایک یونانی آئل ٹینکر نیو کنسلٹیشن کے عملے کے انیس افراد کو اغوا کرلیا گیا تھا جس میں ہندوستانی اور ترک شہری شامل ہیں۔

بحری ٹرانسپورٹ کی بہت سی بین الاقوامی کمپنیوں نے پچھلے دنوں اس بابت خبردار کیا تھا کہ نائیجیریا کے ساحلوں کے قریب قزاقی کے خطرات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔

ٹیگس