ہندوستان و چین کا سرحدی تنازع حل کرنے کا عزم
ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور چینی وزیر خارجہ اور اسٹیٹ کونسلر وانگ یی کی قیادت میں حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی میٹنگ میں ہندوستان - چین سرحد مسئلے پر خصوصی نمائندہ سطح کی 22 ویں میٹنگ میں یہ عزم کیا گیا ۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے میٹنگ کے بعد ایک بیان میں کہا کہ دونوں خصوصی نمائندوں نے ہندوستان اور چین کے تعلقات میں سرحدی مسئلے کے حل کی اہمیت کو اسٹریٹجک نقطہ نظر سے واضح کیا اور اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ سرحدی مسئلے کا فوری طور پر حل دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو پورا کرے گا۔
مذاکرات کاروں کا کہناتھا کہ میٹنگ میں بات چیت مثبت رہی ہے اور وزیر اعظم مسٹر مودی اور صدر شی جن پنگ کی چنئی میں ہوئی دوسری غیر رسمی چوٹی کانفرنس کی ہدایات کے مطابق بات چیت کی فوقیت ہندوستان -چین ترقیاتی شراکت داری کو آگے لے جانے پر مرکوز رہی ۔ مسٹر ڈوبھال اور مسٹر وانگ یی نے اعتراف کیا کہ ہندوستان اور چین کے تعلقات میں استحکام اور متوازن ترقی خطے اور دنیا میں امن و خوشحالی کے لئے ایک مثبت عمل ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے چنئی میں غیر رسمی چوٹی کانفرنس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ۔