ممبئی کے عوام نے شہید سلیمانی کو پیش کی خراج تحسین، ایران کے جوابی حملے کی قدردانی، ویڈیو + تصاویر
ہندوستان کے شہر ممبئی کے باندرا علاقے میں امریکا کے دہشت گرد فوجیوں کے ہاتھوں قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے وفادار ساتھیوں کی شہادت کے خلاف سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، باندرا کے چیتنا کالج کے سامنے واقع امبیڈکر گارڈن میں سیکڑوں کی تعداد میں افراد جمع ہوئے اور مظاہرین نے گارڈن کے باہر نکل کر سڑکوں پر مارچ کیا۔ مظاہرین ممبئی میں واقع امریکی قونصل خانے کی جانب مارچ کر رہے تھے جسے راستے میں ہی پولیس نے روک لیا۔
مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے مولانا فرمان صاحب، مولانا فیاض صاحب اور مولانا حسنین صاحب نے جنرل قاسم سلیمانی کی عالم اسلام کے لئے خدمات اور امریکا کی شر انگیزیوں پر روشنی ڈالی۔ مظاہرین ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے درج تھے۔
ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ضامن علی نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کی امریکا کی بزدلانہ کاروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا جوابی حملہ تباہ کن تھا اور امریکیوں کے لئے ایک سبق تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے جوابی کاروائی کرکے عالم اسلام کو خوش کر دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ دنیا میں ایک ہی اسلامی ملک ہے جو امریکا کو براہ راست جواب دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا جنرل قاسم سلیمانی نے عالم اسلام کی بہت زیادہ مدد کی اور داعش کی نابودی میں ان کے کردار کو کوئی بھی فراموش نہیں کر سکتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی نے ہندوستانی نرسوں کی عراق میں داعش کے قبضے سے آزادی میں اہم کردار ادا کیا۔
پروفیسر ضامن علی کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایک قاسم سلیمانی کو شہید کر دیا لیکن آج دنیا بھرمیں ہزاروں قاسم سلیمانی پیدا ہوچکے ہیں جس سے امریکا بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات ڈونلڈ ٹرمپ کے چہرے پر صاف پریشانی کی علامتیں دیکھی جا سکتی تھی اور یہ ایران سے ان کے خوف و ہراس کو ظاہر کرتا ہے۔