Feb ۱۳, ۲۰۲۰ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں شہید قاسم سلیمانی کا چہلم

تیرہ فروری کو سردار محاذ استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھویں کی شہادت کو چالیس روز مکمل ہو گئے اسی مناسبت سے ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مجالس چہلم کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستان کے شہر ممبئی میں واقع مسجد ایرانیان میں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے عزیز ساتھیوں کی چہلم کی مجلس منعقد ہوئی جہاں شہدا کے عقیدت مندوں نے شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مجلس عزا میں شہید والا مقام جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی گئی اور ان کی شہادت کو عالم اسلام کے لئے مبارک جبکہ عالم سامراج کے لئے خطرناک قرار دیا گیا۔

اس موقع پر ایران کے کونسل جنرل محمد علیخانی نے دنیا بھر میں اسلامی انقلاب اور اسکی پروردہ شخصیتوں کے اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت محاذ استقامت کو حاصل ہونے والی کامیابیاں اور ساتھ ہی محاذ باطل کی تمام تر ناکامیاں شہید قاسم سلیمانی جیسے عظیم اور گرانقدر شہیدوں کی جد و جہد کا نتیجہ ہے۔

ایران کے کونسل جنرل نے مکتب اہلبیت علیہم السلام کی حقیقی پیروی کو شہدائے اسلام کے ہاتھوں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا بنیادی سبب قرار دیا۔

واضح رہے کہ امریکی دہشت گردوں نے تین جنوری کو بغداد ایئرپورٹ کے قریب ایک فضائی حملہ کر کے سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کو شہید کر دیا تھا۔

ٹیگس