دہلی میں فسادات جاری چودہ ہلاک دوسو سے زائد زخمی
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی کے شمال مشرقی علاقوں میں منگل کو تیسرے روز بھی فسادات کا سلسلہ جاری رہا اور اب تک مرنے والوں کی تعداد چودہ ہوگئی ہے جبکہ دہلی کے چار علاقوں میں کرفیو لگادیا گیا ہے
ہندوستانی میڈیا کے مطابق دہلی کے شمال مشرقی علاقوں میں منگل کو تیسرے روز بھی فسادات ، پتھراؤ، آگ زنی اور ایک دوسرے کے خلاف حملے کررہے ہیں - سی اے اے اور این آرسی کے مخالفین اور حامیوں کے درمیان اتوار شروع ہونے والی جھڑپ پیر اور منگل کو فسادات کی شکل اختیار کرگئی - اس دوران اب تک چودہ افراد ہلاک اور دوسو کے قریب زخمی ہوئے ہیں - زخمیوں میں پچاس سے زائد پولیس اہلکار بھی ہیں جن میں آئی پی ایس افسران بھی شامل ہیں -
دہلی کے جعفرآباد ، موج پور اور گوکل پوری جیسے علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے - پولیس فسادات کو قابو پانے میں ناکام رہی ہے دسیوں گاڑیوں دوکانوں اور فیکٹریوں کو آگ لگادی گئی - دہلی کے شمال مشرقی علاقوں میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے - شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی ماردینے کا حکم دے دیا گیا ہے ۔