Mar ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا ۱۶ جانیں لے گیا، ساڑھے چھے سو سے زائد مبتلا

ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک ساڑھے چھے سو سے زائد افراد اس وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ سولہ افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

ہندوستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے - ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ساڑھے چھے سو سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے سولہ افراد صحتیاب ہونے میں ناکام رہے-

کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات سے پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے اور ملک گیر لاک ڈاؤن کا آج دوسرا دن ہے - ملک کی سبھی ٹرین اور ہوائی سروسز بند ہیں جبکہ دہلی میٹرو کو بھی آئندہ چودہ اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے -

حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کو راشن اور دیگر سہولیات دینے کا اعلان کیا ہے اور اس کے لئے مرکزی حکومت نے ایک لاکھ ستر ہزار کروڑ روپئے کے پیکج کا اعلان کیا ہے - ہندوستانی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت، لاک ڈاؤن کے دوران متاثر ہونے والے غریب طبقے کی مدد کرے گی -

حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے بھی مرکزی حکومت کے اس فیصلے کی تعریف کی ہے- یوں تو ہندوستان کی بیشتر ریاستوں میں کورونا کے متاثرین پائے گئے ہیں لیکن سب سے زیاد مریض کیرالا اور مہاراشٹر میں درج ہوئے ہیں-

ٹیگس