ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 12 ہزار سے زائد
ہندوستان میں کورونا وائرس کے قہرکی وجہ سے دوسری بار نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کے پہلے ہی دن ملک بھر میں ایک ہزار ایک سو اٹھارہ نئے کیسز درج کیے گئے۔
ہندوستان میں لاک ڈاؤن کی مدت دوبارہ تین مئی تک بڑھا دی گئی ہے لیکن کورونا سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
ہندوستان کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بارہ ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ کورونا میں اب تک چار سو سے زائد لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں ۔ ہندوستان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید نو سو اکتالیس کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس مدت میں سینتیس مریض جان کی بازی ہار گئے۔ البتہ ایک ہزار چار سو نواسی مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں-
ہندوستان میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی مدت تین مئی تک بڑھادی گئی ہے تاہم بیس اپریل سے لاک ڈاؤن کے دوران اُن علاقوں میں کچھ چھوٹ دی جائے گی جہاں کورونا کے معاملے کم ہیں -
ہندوستان میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران غریب اور مزدور طبقوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے - حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے مرکزی رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن صرف ایک ریڈ بٹن ہے ، یہ پورا علاج نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی کورونا اپنا کام کرنے لگے گا اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھا کر بڑے پیمانے پر ٹسٹ کیا جائے۔
راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ یہ وقت تنقیدوں کا نہیں ہے بلکہ کورونا کے خلاف جنگ میں ایک ساتھ مل کر کام کرنے کا ہے۔ انہوں نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے میڈیکل اور معیشت دونوں مورچوں پر جنگ کو لازمی قرار دیا۔
ہندوستان کی وزارت صحت کے مطابق کورونا ملک کی بتیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔