May ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا سے ڈیڑھ ہزار سے زائد ہلاک

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چھیالیس ہزار سے اور اموات ڈیڑھ ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار نو سو نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چھیالیس ہزار چار سو تینتس ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے ایک سو پچانوے اموات ریکارڈ گئیں جس کے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار پانچ سو اڑسٹھ ہو گئی ہے۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار بیس مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد پورے ملک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بارہ ہزار سات سو ستائیس ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے مریضوں کی پچاس فیصد سے زائد تعداد چار ریاستوں مہاراشٹرا، گجرات ، دہلی اور تمل ناڈو میں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ان چار ریاستوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد اٹھائیس ہزار سات سو ترانوے ہے۔ مہاراشٹر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چودہ ہزار پانچ سو اکتالیس اور اموات پانچ سو تراسی ہیں۔ گجرات میں متاثرین کی تعداد پانچ ہزار آٹھ سو چار اور اموات تین سو انیس ہیں۔ ہندوستان کے وفاقی دارالحکومت دہلی میں متاثرین کی تعداد چار ہزار آٹھ سو اٹھانوے اور اموات چونسٹھ بتائی گئی ہیں جبکہ ریاست تمل ناڈو میں متاثرین تین ہزار پانچ سو پچاس اور اموات اکتیس ہیں۔

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی سب سے کم تعداد میزورم میں ایک ، اور منی پور میں دو بتائی گئی ہیں جو صحتیاب ہو چکے ہیں اور سکّم اور ناگالینڈ کی ریاستیں ابھی کورونا سے محفوظ بتائی گئی ہیں۔

قابل ذکر ہے  کہ کورونا کو لگام دینے کے لئے گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس کی مدت میں تیسری مرتبہ توسیع کرتے ہوئے حکومت نے سترہ مئی تک ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ رہنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس