کشمیر، حالات پھر کشیدہ ،سری نگر میں کرفیو نافذ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہیں اور حکام نے سری نگر کے پائین شہر میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔
ہمارے نمائندۂ سری نگر کے مطابق وادی میں حالات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب تین روز قبل ہندوستان سیکورٹی فورس اور عسکریت پسندوں کے درمیان ہونے والی معرکہ آرائی کے دوران زخمی ہونے والے مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
سری نگر کے پائین شہر میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر اس واقعے پر شدید احتجاج کیا اور ہند مخالف نعرے لگائے۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ حکام نے حالات پر قابو پانے کے لیے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تین روز قبل سری نگر کے پائین شہر میں واقع نواکدل نامی گاؤں میں ہندوستانی سیکورٹی فورس اور عسکریت پسندوں کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں حزب المجاہدین کے سرکردہ کمانڈر جنید صحرائی کی موت واقع ہو گئی تھی۔ حالیہ جھڑپوں کے دوران ایک تیرہ سالہ بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے مزید دو افراد آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ جاں بحق ہونے والوں میں یہ تیرہ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔