May ۳۱, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا پھیلاؤ کی رفتار تیز, ایک دن میں سات ہزار مبتلا

ہندوستان میں کورونا پھیلاؤ بڑھتی ہی جارہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مریضوں میں سات ہزار سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اتوار کی صبح ہندوستانی وزارت صحت کے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے سات ہزار تین سو اسّی نئے مریضوں کا اندارج کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق کورونا کے مریضوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد ہندوستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ بیاسی ہزار ایک سو تینتالیس ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں بھی ایک سو ترانوے افراد کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا سے لقمۂ اجل بننے والوں کی تعداد بڑھ کے پانچ ہزار ایک سو چونسٹھ ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں ایک دن میں کورونا سے چار ہزار چھے سو چودہ افراد ٹھیک بھی ہوئے ہیں جس کے بعد اس موذی وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد چھیاسی ہزار نو سو چوارسی ہو گئی ہے، لیکن اب بھی اس ملک میں کورونا کے نواسی ہزار نو سو پچانوے فعال معاملات پائے جاتے ہیں۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق ملک میں کورونا کے سڑسٹھ فیصد متاثرین ، مہاراشٹر، تمل ناڈو، گجرات اور ملک کے قومی دارالحکومت دہلی میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ کورونا سے متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد مہاراشٹر میں پینسٹھ ہزار ایک سو اڑسٹھ اور اموات دو ہزار ایک سو ستانوے بتائی گئی ہیں۔ تمل ناڈو میں متاثرین اکیس ہزار ایک سو چوارسی اور اموات ایک سو ساٹھ، گجرات میں متاثرین سولہ ہزار تین سو تینتالیس اور اموات ایک ہزار سات اور قومی دار الحکومت دہلی میں متاثرین اٹھارہ ہزار پانچ سو انچاس اور اموات چارسو سولہ بتائی گئی ہیں۔

دوسری جانب لاک ڈاؤن جاری رہنے کی وجہ سے دہلی کی ریاستی حکومت سخت اقتصادی بحران میں گرفتار ہو گئی ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے اسی کے ساتھ مرکزی حکومت سے پانچ ہزار کروڑ روپے کی فوری مدد کی درخواست کی ہے۔

ٹیگس