Jun ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی اختلاف، کور کمانڈروں کی میٹنگ

ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی اختلاف پر کور کمانڈروں کی میٹنگ کی خبر ہے۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق لداخ سیکٹر پر سرحدی اختلاف کے حل کے لئے، پیر کو مولڈو میں دونوں ملکوں کے کور کمانڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ گزشتہ پندرہ جون کو ہندوستان اور چین کی افواج کے درمیان سرحدی تصادم کے بعد دونوں ملکوں کے اعلی فوجی عہدیداروں کے درمیان یہ چوتھی میٹنگ ہے۔ اس سے پہلے ہندوستان اور چین کے درمیان میجر جنرل کی سطح کی تین میٹنگیں ہو چکی ہیں۔
پیر کی میٹنگ میں ہندوستانی وفد کی قیادت، لیہ میں ہندوستانی فوج کی چودھویں کور کے کمانڈر لفٹینینٹ جنرل ہریندر سنگھ نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت جنوبی شنجیانگ فوجی ڈیویژن کے کمانڈر میجر جنرل لن لیو نے کی ۔ 
ہندوستان اور چین کے کور کمانڈروں کے درمیان حالیہ سرحدی جھڑپ سے پہلے چھے جون کو بھی مولڈو میں میٹنگ ہوئی تھی جس میں چینی وفد نے سرحد کے قریب ہندوستان کی جانب سے سڑک کی تعمیر پر جبکہ ہندوستانی وفد نے گلوان ندی کے قریب چینی فوج کی موجودگی پر اعتراض کیا تھا۔

اس میٹنگ میں طے پایا تھا کہ دونوں ملکوں کی فوجیں اپریل میں جہاں تھیں وہاں لوٹ جائیں گی لیکن پھر پندرہ جون کو وادی گلوان میں دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان تصادم ہو گیا جس میں ہندوستان کے بیس فوجی مارے گئے۔ 
 

ٹیگس